اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن خلیل الحیہ نے کہا ہے کہ فلسطینی قانون ساز اسمبلی کو تحلیل کرنے سے متعلق صدر محمود عباس کا اعلان ناقابل قبول ہے۔ فلسطینی پارلیمنٹ بدستور برقرار ہے اور اسے تحلیل نہیں کیا جائے گا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں سنہ 2008ء کی جنگ کے 10 سال پورے ہونے کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں خلیل الحیہ نے کہا کہ جب تک نئے انتخابات نہیں ہوتے اس وقت تک موجود فلسطینی پارلیمنٹ دستور کے مطابق اپنا کام جاری رکھے گی۔ صدر عباس اور ان کے ماتحت نام نہاد دستوری عدالت کا فیصلہ قابل قبول نہیں ہے۔
الحیہ کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوتیں صدر عباس کی قائم کردہ نام نہاد دستوری عدالت کو باطل قرار دے کر مسترد کرچکی ہیں۔ اس لیے جب تک نئی پارلیمنٹ منتخب نہیں ہوتی اس وقت تک موجودہ فلسطینی پارلیمان اپنا کام جاری رکھے گی۔
خیال رہے کہ حال ہی میں فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے فلسطینی پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے بعد چھ ماہ کے اندر اندر انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا۔