ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ اسرائیل دنیا کی مجرم اور دہشت گرد ریاست ہے جو فلسطین میں منظم ریاستی دہشت گردی کی مرتکب ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے اس الزام کا جواب دیا جس میں نیتن یاھو نے کہا تھا کہ ایردوآن اور ترک فوج شمالی قبرص میں بچوں کو قتل کررہے ہیں۔
ایردوآن نے نیتن یاھو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نے غلط دروازے پر دستک دی ہے۔ ایردوآن ظالم نہیں بلکہ مظلوموں کی آواز ہے۔ جہاں تک تمہارا تعلق ہے تو تم ظالم ہو اورتمہاری ریاست دہشت گردی کی مرتکب ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو ترکی پر دہشت گردی کا الزام عاید کرنے سے قبل اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔ انسانیت کے خلاف جرائم، قتل عام اوروسیع پیمانے پر تباہی اسرائیلی ریاست کا چلن ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو نے الزام عاید کیا تھا کہ ترکی نے شمالی قبرص پر قبضہ جما رکھا ہے اور اس کی فوج وہاں بچوں کو قتل کر رہی ہے۔ ہمیں وہ اخلاقیات کا درس نہیں دے سکتے۔
اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے ترکی پر قبرص کے معاملے میں تنقید کے بعد ترکی میں سوشل میڈیا پر شدید رد عمل سامنےآیا ہے۔ ترک وزیرخارجہ مولود جاویش اوگلو نے نیتن یاھو کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
جاویش اوگلو نے کہا کہ نیتن یاھو عصر حاضر کا قاتل ہے اور اس کے ہاتھوں پر ہزاروں نہتے فلسطینیوں کا خون ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکی فلسطینیوں کے مجرمانہ قتل عام کے صہیونی جرائم نے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ اسرائیل گلیوں اور محلوں میں کھیلتے بچوں پربم باری کرتا اور ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتا ہے۔