اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ غرب اردن میں تین فلسطین نوجوانوں کی بزدل فوج کے قاتلانہ حملوں میں شہادت کے بعد دشمن کے ساتھ آگ اورخون کی ایک نئی جنگ کا آغاز ہوچکا ہے۔
غزہ میں شہداء غرب اردن کے حوالے سے منعقدہ ایک تعزیتی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اشرف نعالوۃ اور صالح البرغوثی فلسطینی قوم کے ہیرو ہیں اور قوم کا بچہ بچہ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دشمن کے خلاف جدو جہد کا علم بند رکھے گا۔
اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ شہداء نے دشمن کے ساتھ پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ فلسطینی قوم موت کو قبول کرے گی مگر صہیونی غاصبوں کی غلامی قبول نہیں کرے گی۔
انہوںنے مزید کہا کہ اس وقت دشمن کے خلاف جدو جہد کے میدان میں غرب اردن اور غزہ کے عوام برابر قربانیاں پیش کررہے ہیں۔ فلسطینی قوم اپنے وطن سے غاصب صہیونیوں کونکال کر جلد آزادی کی منزل سے ہم کنار ہوگی۔
اسماعیل ھنیہ نے شہید اشرف نعالوۃ ، مجد مطیراور صالح البرغوثی کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ فلسطینی قوم اور حماس شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گی۔