فلسطین کے مقبوضہ مغربی کے شہر رام اللہ میں "عوفرا” کالونی میں فائرنگ کر کے 11 صہیونیوں کو زخمی کرنے والے فلسطینی کو صہہونی فوج نے گولیاں مار کر شہید کر دیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق بدھ کو اسرائیلی فوج نے "عوفرا” یہودی کالونی میں حملہ کرنے والے فلسطینی اور سابق اسیر عمر البرغوثی کے بیٹے صالح عمر البرغوثی کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔ بعد ازاں اسے حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتاری کے کچھ ہی دیر کے بعد اسرائیلی فوج نے اس کی شہادت کا اعتراف کر دیا۔
عبرانی میڈیا کے مطابق "شاباک” کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج کے تعاون سے عوفرا کالونی میں 11 یہودیوں کو زخمی کرنے والے فلسطینی کو گرفتار کرلیا گیا تاہم زخمی ہونے کی وجہ سے وہ دم توڑ گیا۔
ادھر شہید عمر البرغوثی کا کہنا ہے کہ اس کا بیٹا کام سے واپس گھر لوٹ رہا تھا کہ اسرائیلی فوج نے اسے حراست میں لے لیا۔ گرفتاری کے بعد اسے اذیتیں دے کر شہید کیا گیا ہے۔