فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کے وحشیانہ کریک ڈائون کے دوران اہم رہ نمائوں سمیت 46 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے حماس کے سابق اسیررہ نما عمر صالح البرغوثی سمیت درجنوں فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔ خیال رہے کہ صالح البرغوثی کے بیٹے عمر صالح کو گذشتہ شب گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوج نے شہید فلسطینی عمر کے بھائی عاصف، اس کے والد اور تین دیگر قریبی عزیزوں سمیت کوبر قصبے سے 8 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے شمالی شہر طوباس میں ایک کارروائی کے دوران حماس رہ نما فازع صوافطہ سمیت دو شہریوں کو حراست میں لے لیا۔
اسرائیلی فون نے نابلس میں عسکر پناہ گزین کیمپ میں ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران فوزی ، عنان، راید، امجد بشکار اور متعدد دیگر فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے اسی کیمپ میں گھس کرایک مفرور فلسطینی مجاھد اشرف نعالوۃ کو شہید کر دیا تھا۔ اشرف وہاں پر بشکار نامی فلسطینی شہری کے گھر میں روپوش تھے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے رام اللہ کے شمال مشرقی قصبے سلواد سے تین فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا جب کہ الخلیل سے بھی متعدد گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔
اطلاعات کے مطابق قابض فوج نے بیت المقدس میں تلاشی کے دوران 24 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ ان میں ایک آرٹ گروپ کے ڈائریکٹر مراد الزغاری بھی شامل ہیں۔