قابض صہیونی فوج نے آج منگل کو فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر طولکرم میں ایک ذہنی معذور فلسطینی کو گولیاں کار کر شہید کر دیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی فوج نے مغربی طولکرم میں مرکزی شاہراہ پر تلاشی کے دوران سڑک پر موجود ایک 22 سالہ فلسطینی محمد حسام عبدالطیف حبالی کو گولیاں ماریں۔ کئی گولیاں اس کا سینا چیر کر پار ہوئی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ حبالی کو شدید زخمی حالت میں میں اسپتال منتقل کیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ فلسطینی شہری کی شہادت کے بعد طولکرم میں شہری صہیونی دشمن کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے صہیونی ریاست کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پرلاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے تلاشی کی کارروائیوں کے دوران گھروں میں گھس کر توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی۔ قابض فوج نے یعقوب الشنار، سابق اسیر محمد الشنار، عبدالناصر ابو شاکر اور محمود العامودی کو حراست میں لے لیا۔