فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقلیہ میں اسرائیلی فوج نے بھاری نفری تعینات کرنے کے بعد شہر کی مکمل ناکہ بندی کر دی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق قابض فوج نے شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کرنے کے بعد فلسطینیوں کی آمد ورفت کو روک دیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے مشرقی قلقلیہ کے تمام راستوں پر بھاری نفری تعینات کی ہے اور شہریوں کو گھروں سے نکلنے سے روک دیا گیا ہے۔ صہیونی فوج کی طرف سے اس پیش رفت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ہے اور کئی شہری رات کو گھر نہیں پہنچ سکے اور انہوں نے رات سڑکوں پر بسر کی ہے۔