جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیل نے غزہ میں فوجی کارروائی میں ناکامی کا اعتراف کرلیا

منگل 27-نومبر-2018

اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس میں 11 نومبر کو حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کے خلاف کی جانے والی فوجی کارروائی میں ناکامی کا اعتراف کیا ہے۔

عبرانی ٹی وی 7 کی رپورٹ کے مطابق خان یونس میں ہونے والی فوجی کارروائی کے حوالے سے صہیونی انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹ کے نتائج جاری کیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوبی غزہ میں صہیونی فوج کی کارروائی میں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کیے جاسکے ہیں۔

خیال رہے کہ 11 نومبرکو اسرائیلی فوج کی اسپیشل فورس کے کمانڈوز نے بھیس بدل کر غزہ میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے مرکز پرحملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں خان یونس میں‌القسام بریگیڈ کے کمانڈر نورالدین برکہ سمیت 7 فلسطینی شہید اور سات زخمی ہوگئے تھے۔

اس کارروائی میں فلسطینی مجاھدین کی جوابی فائرنگ میں آپریشن کا انچارج اسرائیلی فوجی افسر ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

عبرانی ٹی وی چینل کے مطابق خان یونس کارروائی کے نتائج کے حوالے سے انٹیلی جنس ادارے مزید تحقیقات کررہےہیں۔ اس کارروائی سے حاصل ہونے والے سبق پرغور کیا جائے گا۔

اسرائیلی آرمی چیف جنرل گیڈی آئزن کوٹ نے میجر جنرل نیٹزن آلون کو خان یونس کارروائی کی ناکامی کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

حال ہی میں القسام بریگیڈ نے اپنی تحقیقات میں اس کارروائی میں حصہ لینے والے اسرائیلی فوجی کمانڈوز کی تصاویر جاری کی ہیں۔ القسام بریگیڈ کی موثر تحقیقات پر اسرائیلی انٹیلی جنس اداروں نے بھی حیرت کا اظہار کیا ہے۔ القسام بریگیڈ کی طرف سے صہیونی دشمن کی کارروائی کی انٹیلی جنس تحقیقات بھی صہیونی حکام کے لیے باعث تشویش ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی