اسرائیل کے عبرانی اخبارات نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے قائم کردہ اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی "اونروا” کی امداد روکے جانے کے بعد امریکی امدادی ادارے "USAID” کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عبرانی اخبار "ہارٹز” نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ USAID کی بندش سے اسرائیل کے سیکیورٹی اداروں کو تشویش ہے کیونکہ اس کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں انسانی بحران مزید گھمبیر ہوسکتا ہے۔
اخباری رپورٹ کے مطابق امریکا کی جانب سے فلسطینی پناہ گزینوں کی ریلیف ایجنسی "اونروا” کی امداد بند کیے جانے کے بعد "USAID” کے کئی پروجیکٹ بھی بند ہو گئے ہیں جب کہ اس ادارے کے ساتھ وابستہ سیکڑوں فلسطینیوں کا مستقبل بھی مخدوش ہوگیا ہے۔
اخبار کے مطابق امریکی امدادی ایجنسی "USAID” کی بندش کے نتیجے میں غزہ میں اس ادارے کے زیر اہتمام چلنے والے منصوبے تعطل کا شکار ہوجائیں گے اور ادارے سے وابستہ ملازمین کو فارغ کر دیا جائے گا۔ اس کے نتیجے میں غزہ میں بحران مزید خطرناک ہوسکتا ہے۔