اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے غزہ میں صدر یحییٰ السنوارنے کہا ہے کہ ان کی جماعت نےغزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس میں گذشتہ ہفتے اسرائیلی فوجی کارروائی کی تصاویر حاصل کرلی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ یحییٰ السنوار نے شہداء کی تعزیتی تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہم نے یہ تہیا کر رکھا ہے کہ ہم غزہ کا محاصرہ ہرصورت میں ختم کرائیں گے چاہے اس کے لیے ہمیں بندوق کیوں نہ اٹھانا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے عوام کو عزت کے ساتھ جینے کا پورا پورا حق ہے اورہم یہ حق چھین کر لیں گے۔
حماس رہ نما نے کہا کہ ہماری دفاعی صلاحیت کی پاداش میں کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ غزہ کے عوام کی خوراک اور بچوں کے حقوق کو بند نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی رہائی کے لیے آخری حد تک کوششیں جاری رکھیں گے۔ جب تک آخری فلسطینی اسرائیلی جیلوں سے رہا نہیںہوجاتا اس وقت تک ہماری جدو جہد جاری رہے گی۔
یحییٰ السنوار نے کہا کہ خان یونس میں اسرائیلی فوج کی جانب سے کی گئی کارروائی کی تصاویر حاصل کرلی گئی ہیں۔ جلد ہی انہیں منظرعام پرلایا جائے گا۔ خان یونس میں شہید ہونے والے کمانڈر نورالدین برکہ اور دیگر سات کارکنان کا خون رائے گاں نہیں جائے گا۔