روس نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی طر سے ایران پر جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کا بے بنیاد الزام عاید کیا جاتا ہے۔ روس کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور امریکا جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام ثابت نہیں کرسکے ہیں۔
خبر رساں اداروں کے مطابق روسی وزیراعظم دمیتری میدفیدوف نے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان طے پائے سمجھوتے کی ایران کی جانب سے خلاف ورزی کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا ہے۔
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے روسی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران پر امریکی پابندیوں کی بحالی جوہری سمجھوتے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو برباد کرنے پر منتج ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اپنی اندرونی مشکلات کے حل میں مصروف ہے اور اس نے اپنے مسائل کے حل کے لیے دوسری ممالک پر پابندیاں عاید کر کرنا شروع کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا میں وسط مدتی انتخابات امریکا کا اندرونی معاملہ ہے مگر امریکا اپنی اندرونی مشکلات کے حل کے لیے دوسرے ممالک پر پابندیاں عاید کرنے کی نا مناسب اور غیر معقول پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
خیال رہے کہ پانچ نومبرکو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر سابقہ پابندیوں کی دوسری قسط بحال کردی تھی۔