اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے ایران پر امریکی پابندیوں کے اعلان کو ایک بار پھر مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ تہران کے خلاف امریکی صہیونی طاغوتی سازشیں شرم ناک ناکامی سے دوچارہوں گی۔ انہوں نے عرب ممالک کو اسرائیلی قاتلوں کا استقبال کرنے پر کڑی تنقید کی اور کہا عرب ممالک فلسطینیوں کے قاتلوں سے راہ رسم بڑھا رہے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان نے ٹوئٹر پر پوسٹ ایک بیان میں اماراتی وزیر مملکت برائے خارجہ انور قرقاش کے بیان کے جواب میں لکھا کہ فلسطینیوں کے قاتلوں کا عرب ممالک میں فلسطینی قوم کے خلاف اسرائیلی جرائم کی پردہ پوشی اور جرائم کو جواز فراہم کرنے کے مترادف ہے۔
ان کا اشارہ اسرائیلی خاتون وزیر ثقافت کے دورہ ابو ظہبی اور وہاں پر اس کے شاندار استقبال کی طرف تھا۔ ابو زھری نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں اسرائیلی وزیر دو بار دورے کرچکے ہیں۔ انہوںنے انور قرقاش کے اس بیان کو بھی مسترد کردیا کہ حماس خطے میں ایران کی آلہ کار ہے۔ ابو زھری نے کہا کہ ایران پر امریکی پابندیاں صہیونی ریاست کو تحفظ دلانے اور فلسطینی قوم کو دیوار سے لگانے کی سازشوں کا حصہ ہیں مگر امریکا اور اس کے اتحادیوں کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔