جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی عدالت نے بھوک ہڑتالی فلسطینی کو ایک سال قید کی سزا سنا دی

منگل 30-اکتوبر-2018

فلسطین میں اسیران کے حقوق کے لیے کام کرنے والے کلب برائے اسیران کی لیگل یونٹ کے مطابق قابض صہیونی عدالت نے دو ماہ سے انتظامی قید کے خلاف بہ طور پر احتجاج بھوک ہڑتال کرنے والے اسلامی جہاد کے رہ نما الشیخ خضر عدنان کو ایک سال کے لیے جیل اور 1 ہزار شیکل جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔

خیال رہے کہ 59 روز سے مسلسل بھوک ہڑتال کرنے والے اسیر خضرعدنان کی حالت تشویشناک ہے اور وہ اپنے سہارے چل نہیں سکتے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق کلب برائے اسیران کی لیگل یونٹ کے سرہراہ جواد بولس نے بتایا کہ گذشتہ روز اسرائیل کی فوجی عدالت "سالم” نے اسیر خضرعدنان کی انتظامی حراست کو باقاعدہ ایک سال قید میں تبدیل کردیا۔

خیال رہے کہ اسلامی جہاد کے اسیر رہ نما الشیخ خضر عدنان نے صہیونی ریاست کے مظالم کے خلاف  بہ طور احتجاج 58 روز سے بھوک ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔ دوسری جانب انہوں‌ نے کھانا چھوڑنے کے بعد اب پانی پینا بھی ترک کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خضرعدنان کی ڈیڑ ماہ سے زاید عرصے سے جاری بھوک ہڑتال کے باعث حالت تشویشناک ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں  اور اسیر کے اہل خانہ نے خضرعدنان کی جان کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں نے الشیخ عدنان کی بھوک ہڑتال اور خرابی صحت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

الشیخ خضر عدنان کے وکیل کا کہناہے کہ ان کے موکل کو تنہائی کی کال کوٹھڑی میں ڈالنے کے بعد ان سے بنیادی ضرورت کی اشیاء جس میں ریڈیو، قلم اور کاغذ، اخبارات اور دیگر سہولیات چھین لی ہیں۔ یہ سب کچھ انہیں بھوک ہڑتال جاری رکھنے کی وجہ سے کیا گیا ہے تاکہ انہیں بھوک ہڑتال ترک کرنے پر مجبور کیا جاسکے۔

دوسری جانب کلب برائے اسیران کے مطابق اسیر خضر عدنان کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ خضرعدنان کے حوالے سے صہیونی جیل حکام مجرمانہ غفلت کے مرتکب ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں اسیر رہ نما کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ وہ زیادہ تر بے ہوش رہنے لگے ہیں اور انہیں مسلسل خون کی قے ہو رہی ہے۔

خیال رہے کہ الشیخ خضر عدنان کواسرائیلی فوج نے 11 دسمبر2017ء کو حراست میں لیا تھا۔ ان پر اسرائیلی ریاست کے خلاف اشتعال انگیز بیان دینے سمیت کئی دیگر الزامات عاید کیے ہیں۔ الشیخ عدنان اسرائیلی جیلوں میں طویل بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران میں شامل ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی