مصری انٹیلی جنس حکام کے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد نے فلسطین کے جنگ زدہ علاقے غزہ کا دورہ کیا جہاں وفد نے اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ اور جماعت کی مقامی قیادت سے ملاقات کی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں اسماعیل ھنیہ کے دفتر میں ہونے والی ملاقات کے موقع پرغزہ میں حماس کے سیاسی شعبے کے انچارج یحییٰ السنوار بھی موجود تھے۔ مصری وفد کی قیادت مصری انٹیلی جنس کے فلسطین سیکشن کے انچارج عبدالخالق نے کی۔
غزہ میں حماس کے با خبر ذریعے نے "مرکز اطلاعات فلسطین” کو بتایا کہ مصری انٹیلی جنس کے وفد نے حماس کی قیادت سے فلسطینی دھڑوں میں مصالحت پر بات چیت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مصری وفد کی آمد کا مقصد غزہ کی پٹی میں حالات کو پرسکون بنانا، اسرائیل کےساتھ جنگ بندی کو وسعت دینے کی کوشش کرنا، غزہ کی معیشت کی بہتری کے اقدامات اور فلسطینی گروپوں کے درمیان مصالحتی عمل کو آگے بڑھانا تھا۔