چهارشنبه 30/آوریل/2025

غرب اردن میں اسرائیلی فوج کا وحشیانہ کریک‌ ڈائون، متعدد فلسطینی گرفتار

جمعرات 18-اکتوبر-2018

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں آج جمعرات کے روز اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں ایک درجن کے قریب فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔

اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیاہے کہ غرب اردن میں گھر گھر تلاشی کی کارروائی کے دوران 10 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان میں بعض فلسطینی سیکیورٹی اداروں کو مزاحمتی کارروائیوں میں پہلے ہی مطلوب تھے۔

اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیاہے کہ حراست میں لیے گئے تمام افراد کو تفتیش کے لیے حراستی مراکز منتقل کردیا گیا ہے۔

نابلس میں اسرائیلی فوج نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران سابق اسیر عدنان السمحان کو حراست میں لے لیا۔ السمحان13 سال تک اسرائیلی جیلوں میں قید کاٹ چکے ہیں۔

نابلس میں اسرائیلی فوج کے کریک ڈائون کے خلاف فلسطینی گھروں سے نعرے لگاتے نکل آئے۔ قابض فوج نے انہیں منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا، آنسوگیس کی شیلنگ اور صوتی بموں سے حملے کیے۔

ادھر طولکرم سے اسرائیلی فوج نے منذر عاشور، نور شمس کیمپ سے ولید عصفور اور جنوبی الخلیل کےبیت عوا قصبے سے مراد ریاض السویطی کو حراست میں لے لیا۔

 قابض فوج نے رام اللہ میں بھی فلسطینیوں کےگھروں پر چھاپے مارے اور متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔

ادھر القدس میں اسرائیلی فوج نے تلاشی کے دوران فادی مطور، کمال ابو قویدر اور الشیخ عبداللہ علقم کو حراست میں لے لیا۔

مشرقی بیت المقدس کے عناتا قصبے سے دو فلسطینیوں کوحراست میں لیا گیا۔ طولکرم میں شویکہ، بیت عوا، تفوح حارہ الشیخ اور قلقیلیہ شہر میں بھی چھاپے مارے گئے۔

طولکرم میں قابض فوج نے فلسطینی شہریوں میں انتباہی پمفلٹ تقسیم کیے جن میں شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے دو یہودیوں کو ہلاک کرنے والے فلسطینی اشرف نعالوۃ کو پناہ دینے میں مدد کرنے والوں کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

مختصر لنک:

کاپی