فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں آج منگل کے روز اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 15 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد جیلوں میں ڈال دیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میںکہا گیا ہے کہ تلاشی کے دوران 15 فلسطینی گرفتار کیے گئے ہیں۔ ان میں بعض صہیونی فوج اور سیکیورٹی اداروں کو مزاحمتی کارروائیوں میںمطلوب تھے۔ انہیں تفتیش کے لیے تفتیشی مراکز منتقل کردیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غرب اردن کے جنوبی علاقوں میں تلاشی کے دوران دیسی ساختہ "کارلو” رائفل بھی قبضے میں لی گئی ہے۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق رام اللہ کے مغربی قصبے کفر نعمہ ، مشرقی علاقے کفر مالک اور شمال مغربی بیت المقدس کے علاقے بدو میں تلاشی کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔
غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں نحالین اور دوحہ کےمقامات پر چھاپوں کے دوران متعدد فلسطینیوںکو حراست میں لیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق قابض فوج نے بیت لحم میں بیت عصیدہ کےمقام پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران 30 سالہ محمد احمد خلیل العلامی اور سابق اسیر 22 سالہ ایھاب عیسیٰ محمود العلامی کوحراست میںلینے کے بعد الخلیل شہر میںقائم عصیون حراستی مرکز منتقل کردیا۔
شمالی قلقیلیہ سے چار فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔