فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں "خان الاحمر” کو مسمار کرنے اور وہاں پر بسنے والے فلسطینیوں کو جبری ھجرت پر مجبور کرنے کے خلاف احتجاج کرنے والے فلسطینیوں کو قابض فوج نے وحشیانہ تشدد کیا جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق بیت المقدس میں الخان الاحمر کے مقام پر فلسطینیوں نے صہیونی ریاست کے مظالم اور فلسطینیوں کو ان کے گھر سے بے دخل کرنے خلاف دھرنا دے رکھا ہے۔ گذشتہ روز صہیونی فوج نے مظاہرین پر چڑھائی کر دی اور اس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج اور پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا اور ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد شہری بے ہوش ہوگئے۔
خیال رہے کہ مشرقی بیت المقدس میں واقع "الخان الاحمر” قصبے کو خالی کرانے کے لیے اسرائیلی فوج نے طاقت کا بار بار استعمال کیا اور وہاں پر بسنے والے فلسطینیوں کو طاقت کے ذریعے بے دخل کیا جا رہا ہے۔ قابض صہیونی ریاست کی اس مجرمانہ کارروائی کے خلاف فلسطینی شہری سراپا احتجاج ہیں۔