اسرائیلی کنیسٹ [پارلیمنٹ] کے ایک رُکن نے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی قیادت بالخصوص غزہ کی پٹی میں حماس کے صدر یحییٰ السنوار اور جماعت کےعسکری ونگ کے سربراہ محمد الضیف کو ٹارگٹ کلنگ میں شہید کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
عبرانی نیوز ویب سائیٹ ’0404‘ نے بتایا ہے کہ رکن کنیسٹ اور خارجہ وسیکیورٹی کمیٹی کے رکن موتی یوگیو نے ایک اشتعال انگیز بیان میں کہا ہے کہ یحییٰ السنوار اور القسام بریگیڈ کا سربراہ محمد الضیف طویل عرصے سے اسرائیل کی سلامتی کے درپے ہیں۔ اسرائیل کی سلامتی کے لیے ان دنوں کو ٹارگٹ کلنگ میں قتل کر دیا جائے۔ یہ نہ صرف اسرائیل بلکہ غزہ کے بھی مفاد میں ہے۔
موتی یوگیو نے مزید کہا کہ سیکیورٹی اداروں کو یحییٰ السنوار اور محمد الضیف کو قتل کرنے کے لیے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ کو یحییٰ السنوار نے دھمکی دی تھ کہ اگر اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر فوج کشی کی حماقت کی تو غزہ کو قابض فوج کا قبرستان بنا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سنہ 2014ء کی جنگ کی نسبت آج ہماری طاقت کئی گنا زیادہ ہے۔ ہم مسلسل چھ ماہ تک ہرپانچ منٹ کے بعد ایک راکٹ اسرائیل پر پھینکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔