قابض صہیونی فوج کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں 15 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے میں تلاشی کے دوران مزاحمتی سرگرمیوں میں ملوث 11 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
قابض فوج کی طرف جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رام اللہ کے نواحی علاقے البیرہ سے ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران دیسی ساختہ بم، M-16 رائفل اور القدس کے نواحی علاقے عناتا سے بھی اسلحہ ضبط کیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق قابض فوج کی تازہ کارروائیوں میں الخلیل میں بیت امر اور حلحلول سے چار فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ چار فلسطینی مشرقی بیت المقدس میں العیساویہ کے مقام سے گرفتار کیے گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق الخلیل کے نواحی علاقے بیت امر سے 20 سالہ محمد عایش ابو ھاشم، 19 سالہ حمزہ سمیر ابوماریہ، 18 سالہ وسیم ابو ماریہ اور دیگر کو حراست میں لیا گیا۔