چهارشنبه 30/آوریل/2025

غزہ ۔ غرب اردن کے درمیان تجارتی راہ داری ایک ماہ بعد کھول دی گئی

جمعرات 16-اگست-2018

اسرائیلی حکام نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی اور مقبوضہ مغربی کنارے کے درمیان تجارتی آمد ورفت کے لیے استعمال ہونے والی کراسنگ پوائنٹ ’کرم ابو سالم‘ کو دوطرفہ ٹریفک کے لیے کھول دیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں جنرل ڈاریکٹوریٹ آف کراسنگ اینڈ بارڈرز کے ترجمان بسام عبداللہ نے بتایا کہ کرم ابو سالم کو کل بدھ کے روز کھول دیا گیا ہے جس کے بعد دونوں طرف سے سامان سے لدے ٹرک اور دیگر گاڑیاں اپنے منزل کی طرف روانہ ہوگئیں۔

ادھر اسرائیلی سرکاری ریڈیو کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غزہ کی تجارتی گذرگاہ کرم ابو سالم کو بدھ کو صبح نو بجے دو طرفہ آمد ورفت کے لیےکھول دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرم ابو سالم کراسنگ کو کھولنے کا فیصلہ وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین کی جانب سے کیا گیا ہے۔

عبرانی ٹی وی 14 نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ بدھ کے روز کرم ابو سالم سے 800 ٹرک سامان لے کر غزہ داخل ہوئے۔

ادھر ایک دوسری پیش رفت میں اسرائیلی فوج نے فلسطینی ماہی گیروں کو سمندر میں مزید دور تک مچھلیوں کے شکار کی اجازت دے دی ہے۔ فلسطینی ماہی گیر یونین کے نگران نزار عیاش نے بتایا کہ غزہ کے ماہی گیروں کو وسطی غزہ سے شمالی غزہ تک 6 سمندری میل اور جنوب کی طرف سے 9 میل تک مچھلیوں کے شکار کی اجازت دے دی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی