اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے امریکا کی طرف سے ایران پر نئی اقتصادی پابندیاں عاید کرنے کے فیصلے کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تہران پر امریکی پابندیاں ایران کی خطے میں جارحانہ پالیسی، ایٹمی ہتھیاروں کے حصول کی کوششوں اور خطے کے امور میں مداخلت کا رد عمل ہے۔
نیتن یاھو نے کہا کہ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران پر پابندیاں عاید کرنے کے جرات مندانہ فیصلے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ لمحہ اسرائیل، امریکا، خطے اور پوری دنیا کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے یورپی ممالک پر بھی زور دیا کہ وہ ایران کے حوالے سے اپنی پالیسی تبدیل کریں اور ایران پرپابندیوں کے امریکی فیصلے میں شامل ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت خاموش رہنے کا نہیں بلکہ ایران کے خلاف آواز بلند کرنے اور عملی اقدامات کا ہے۔
خیال رہے کہ چھ اگست کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر نئی اقتصادی پابندیاں عاید کردیں۔ ایران نے امریکی پابندیوں کو ایرانی قوم کو بلیک میل کرنے کی مجرمانہ سازش قرار دیا ہے۔