قابض صہیونی ریاست کی جیلوں میں قید چھ ہزار فلسطینیوں میں 60 خواتین پابند سلاسل ہیں جن میں 5 کم عمر بچیاں بھی شامل ہیں جن کی عمریں 18 سال سے کم ہیں۔
فلسطینی محکمہ امور اسیران کہ طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 17 سالہ عہد تمیمی اور اس کی ماں ناریمان التمیمی کی رہائی کے بعد اسرائیلی جیلوں میں قید خواتین کی تعداد 60 رہ گئی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق امور اسیران کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں قید خواتین کی تعداد 60 ہے جب کہ 6500 فلسطینی پابند سلاسل ہیں۔ ان میں 350 بچے، 430 انتظامی قیدی اور 1800 مریض قیدی شامل ہیں۔
ادھر کلب برائے اسیران کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چار فلسطینی شہری انتظامی قیدی صہیونی جیلوں میں بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ 30 سالہ حسن شوکہ 58 دن سے مسلسل بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ اسیر انس شدید، 47 سالہ باسل عبیدو 12 دن سے مسلسل بھوک ہڑتال کررہے ہیں۔