قابض صہیونی فوج نے رام اللہ کے شمالی علاقے کوبر میں گذشتہ ہفتے ایک فدائی حملہ کرنے والے فلسطینی نوجوان کے گاؤں اور اس کے گھر پر وحشیانہ دھاووں اور تلاشی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ ہفتےکے روز اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری نے شہید طارق محمد دار یوسف کے گاؤں پر چھاپے مارے اور گھر گھر تلاشی کے دوران شہریوں کو بڑی مقدار میں نقدی اور طلائی زیورات سے محروم کردیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوج نے گھروں میں گھس کر فلسطینیوں کو زدو کوب کیا اور گھروں میں قیمتی سامان کی توڑ پھوڑ کی۔
خیال رہے کہ بدھ کو ایک 17 سالہ فلسطینی نوجوان نے ’آدم‘ یہودی کالونی میں داخل ہو کر ایک یہودی آباد کار کو قتل اور دو کو زخمی کردیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے جوابی کارروائی میں طارق یوسف کو گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا۔