امریکی انتظامیہ کی طرف سے انکشاف کیا گیا ہے کہ خلیجی ممالک کے درمیان پائے جانے والے اختلافات دور کرنے کے لیے خلیجی سربراہ کانفرنس اکتوبر کے مہینے میں امریکا منعقد ہوگی۔
امریکی حکومت کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک کے درمیان پائے جانے والے اختلافات دور کرنے کے لیے امریکا کی قیادت میں خلیجی سربراہ کانفرنس آئندہ اکتوبر میں واشنگٹن میں ہوگی۔ اس سربراہ کانفرنس میں اردن اور مصر کی سیاسی قیادت بھی شرکت کرے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکا کو خلیجی ممالک کے درمیان پائے جانے والے بحران کے حل میں راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے پر تشویش ہے۔ امریکا قطر سمیت کسی دوسرے خلیجی ملک کے ساتھ تعلقات خراب نہیں کرسکتا کیونکہ قطر خطے میں امریکا کا سب سے بڑا فوجی اڈہ بھی قائم ہے۔
خلیج تعاون کونسل کے معاون برائے مذاکرات وسیاسی امور عبدالعزیز العویشق کا کہنا ہے کہ انہوں نے حال ہی میں امریکا کا دورہ کیا تھا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ امریکا کی میزبانی میں خلیجی سربراہ کانفرنس کا انعقاد اکتوبر میں ہوگا مگر اس کی تاریخ اور جگہ کے تعین کے بارے میں غور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکا کی میزبانی میں ہونے والی سربراہ کانفرنس میں تمام خلیجی ممالک تیاری ، خلوص اور مفاہمتی جذبے کے ساتھ شرکت کریں گے۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر پر دہشت گردی کا الزام عاید کرتے ہوئے دوحہ کا سفارتی، سیاسی، سماجی اور تجارتی بائیکاٹ کردیا تھا۔