اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] نے گذشتہ روز اسرائیلی فوج اور پولیس کی طرف سے قبلہ اول پردھاووں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے اسرائیلی فوج کی منظم ریاستی دہشت گردی اور انتہائی خطرناک پیش رفت قرار دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان فزی برھوم نے ایک بیان میں کہا کہ مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج اور پولیس کے دھاوے حرم قدسی کے اسلامی، عرب اور تاریخی تشخص کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی حرکت ہیں۔ صہیونی مسلمانوں کے تیسرے مقدس ترین مقام پرغاصبانہ قبضہ کرتے ہوئے فلسطینی قوم کو اسلام کے مقدس مقامات سے محروم کرن چاہتے ہیں۔
فوزی برھوم نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کی کھلے عام بے حرمتی پر عالمی برادری اور علاقائی ملکوں کی مجرمانہ خاموشی صہیونیوں کو اپنے جرائم کے تسلسل کی حوصلہ افزائی فراہم کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مسجد اقصیٰ میں کشیدگی اور اشتعال پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے تاکہ ایک نئی مذہبی جنگ کا آغاز کیا جاسکے۔
انہوں نے تمام عرب اور مسلمان ممالک پر زور دیا کہ وہ مسجد اقصیٰ کو غاصب صہیونیوں کے چنگل سے آزاد کرانے اور مقدس مقام کی بے حرمتی روکنے کے لیے موثر اقدامات کریں۔ فوزی برھوم نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم ، عرب لیگ، رابطہ عالم اسلامی اور دیگر عالمی اداروں سے بھی قبلہ اول کے دفاع کے لیے اپنا فرض ادا کریں۔