عالمی فوج داری عدالت کے سربراہ نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو بھیجے ایک مکتوب میں خبردار کیا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف انتقامی کارروائیوں سے باز رہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق تہران میں قائم بین الاقوامی لیگ سینٹر کے چیئرمین محسن محبی نے بتایا کہ ہیگ کی عالمی عدالت کی طرف سے امریکا کو سختی کے ساتھ خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف انتقامی کارروائیوں سے باز رہے۔
محسن محبی کا کہنا ہے کہ عالمی عدالت انصاف کے چیف جسٹس کی طرف امریکی وزیر خارجہ سے کہا گیا ہے کہ امریکا تہران پر پابندیاں عاید کرنے کی پالیسی کے بجائے مذاکرات کی راہ اختیار کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف انتقامی کارروائیوں کے بجائے بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کی کوشش کرے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں ایران نے امریکا کو خبردار کیا تھا کہ اگر اس نے تہران کے خلاف اپنی انتقامی روش تبدیل نہ کی تو ایران عالمی فوج داری عدالت سے رجوع کرنے پر مجبور ہوجائے گا۔