اسرائیل کےایک عبرانی ٹی وی چینل 2 نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ’دروز‘ فرقے سے تعلق رکھنے والے اسرائیلی وزیر مواصلات کو حال ہی میں یہودی قومیت کے متنازع آئینی بل کی حمایت کرنے پر قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
عبرانی ٹی وی چینل کے مطابق وزیر مواصلات ایوب قرار کا تعلق ’دروز‘گروپ سے ہے۔
’دروز‘ یا حاکمیہ شامی نسل کے باطنی اسماعیلی شیعوں کا فرقہ ہے۔ ان کی تعداد بیسویں صدی کے وسط میں دو لاکھ تھی۔
حال ہی میں اسرائیلی کنیسٹ میں اسرائیل کو یہودیوں کا قومی وطن قرار دینے کے متنازع قانون پر قرار نے بھی حمایت کی تھی مگر اسےبعد ازاں رائے شماری میں حصہ لینے اور متنازع قانون کی حمایت پر قتل کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔
ٹی وی رپورٹ میں ایوب قرا کا ایک بیان بھی نقل کیا گیا ہےجس میں کہا گیا ہے کہ قتل کی دھمکیوں کے بعد انہوں نے اپنی سیکیورٹی بڑھا دی ہے اور ایک اضافی باڈی گارڈ بھی مقرر کیا ہے۔
قتل کی دھمکیوں کے بعد ایک بیان میں ایوب قرا نے کہا کہ یہودی قومیت کے قانون میں دروز کو دوسرے درجے کا شہری نہیں قرار دیا گیا بلکہ قانون میں انسانی حرمت، آزادی حقوق کی ضامت دی گئی ہے۔