اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے مرکزی رہ نما اسامہ حمدان نے کہا ہے کہ ان کی جماعت صہیونی اور امریکیوں کی جانب سے ملی بھگت سے تیار کی گئی ’صدی کی ڈیل‘ کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ صدی کی ڈیل صرف فلسطینی قوم نہیں بلکہ پوری مسلم امہ کے خلاف سازش ہے۔
موریتانیہ کے دارالحکومت نواکشوط میں ایک تقریب سے خطاب میں اسامہ حمدان نے کہا کہ فلسطینی قوم اپنے عزم اور ارادے کے ذریعے صدی کی ڈیل جیسی سازشوعں کو ناکام بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ صدی کی ڈیل بری طرح ناکام ہوگی۔ یہ سازش 16 مئی 1916ء کو فرانس اور برطانیہ کے درمیان طے پائے ’سائس پیکو‘ معاہدے کے مطابق مشرق وسطیٰ کے نقشے میں تبدیلیاں لانا ہے۔ حماس اور فلسطینی قوم دنیا کی کسی طاقت کو ایسی سازشوں کو کامیاب بنانے کا موقع نہیں دے گی۔
اسامہ حمدان نے القدس پر صہیونی ریاست کے غاصبانہ قبضے اور امریکی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے پوری امت کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے قضیہ فلسطین کے حوالے سے افریقی ممالک بالخصوص موریتانیہ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ افریقی ممالک نے اسرائیلی جرائم کے خلاف ہرسطح پر آواز بلند کی اور فلسطینیوں کے حقوق کا دفاع کیا ہے۔
خیال رہے کہ تیسری سالانہ القدس افریقی کانفرنس کا آغاز کل ہفتے کے روز موریتانیہ کے دارالحکومت نواکشوط میں ہوا۔ اجلاس میں 17ممالک کے مندوبین، حماس اور سابق فلسطینی اسیران کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔