چهارشنبه 30/آوریل/2025

جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر بمباری، دوفلسطینی زخمی

پیر 16-جولائی-2018

قابض اسرائیلی حکومت اور فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے باوجود صہیونی ریاست کے جنگی طیاروں نےشمالی غزہ میں بیت حانون کے مقام پر بم باری کی جس کے نتیجے میں کم سے کم دو فلسطینی زخمی ہوگئے۔

فلسطینی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے دونوں شہریوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے بیت حانون میں شہری آبادی پر بم گرائے۔

مقامی فلسطینیوں نے بتایا کہ اسرائیل کے ایک ڈرون طیارے نے مشرقی بیت حانون میں شاہراہ المصریین پر فلسطینیوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا۔

خیال رہے کہ ہفتے کے روز اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں دو فلسطینی بچے شہید اور پچیس فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔ اسرائیلی فوج کی جارحیت کے جواب میں فلسطینی مزاحمتی قوتوں نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ کشیدگی میں اضافے کے بعد مصر اور بعض دوسرے ممالک نے فوری مداخلت کرکے فریقین کے درمیان عارضی جنگ بندی کرا دی تھی۔

مختصر لنک:

کاپی