یورپی یونین نے سنہ 1967ء کی چھ روزہ عرب ۔ اسرائیل جنگ میں صہیونی ریاست کے تسلط میں آنے والے عرب شہروں پر اسرائیل کا قبضہ ایک بار پھر باطل قرار دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یورپی یونین کی سفارتی امور کی ترجمان مایا کوسیانچیٹچ نے برسلز میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’ہم سنہ 1967ء کی جنگ میں قبضے میں لیے گئے علاقوں پر اسرائیل کے قبضے کو غیرآئینی سمجھتے ہیں اور ان علاقوں کو اسرائیل کا حصہ نہیں مانتے‘۔
غرب اردن میں اسرائیلی غیرقانونی بستیوں میں تیار ہونے والی مصنوعات پر پابندی سے متعلق سوال کے جواب میں یورپی سفارت کار کا کہنا تھا کہ فی الحال اس حوالے سے معاملہ قانون سازی کے مراحل میں ہے اس لیے اس پر کوئی بات نہیں کی جاسکتی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ بدھ کو آئرلینڈ کی پارلیمنٹ نے ایک بل کی منظوری دی تھی جس کے تحت مقبوضہ مغربی کنارے کو متنازع علاقہ قرار دیتے ہوئے ان علاقوں میں قائم اسرائیلی صنعتی کالونیوں میں تیار ہونے والی مصنوعات کی درآمدات پر پابندی عاید کردی گئی تھی۔
سینٹ میں مںظورہونےوالے بل کو ایوان نمائندگان میں رائے شماری کے لیے پیش کیا جائے گا جس کے بعد منظوری کی صورت میں اس پرعمل درآمد شروع کیا جائے گا۔