چهارشنبه 30/آوریل/2025

مصرکی رفح گذرگاہ کھلی رکھنے اور بجلی میں اضافے کی یقین دہانی

ہفتہ 14-جولائی-2018

فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد نے کہا ہے کہ مصر کی قیادت نے یقین دلایا ہے کہ وہ محاصرہ زدہ علاقے غزہ کی بین الاقوامی گذرگاہ رفح کو ہرحال میں کھلا رکھیں گے۔ نیز مصر غزہ کی پٹی کو اضافی بجلی دینے کے ساتھ دیگر سہولیات بھی فراہم کرے گا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی جہاد کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد سیاسی شعبے کے سربراہ زیاد الںخالہ کی قیادت میں مصر کے تین روزہ دورے کے بعد واپس غزہ آگیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جہاد کے وفد نے مصری انٹیلی جنس چیف میجر جنرل عباس کامل اور دیگر رہ نماؤں سے تین روز تک ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں غزہ کی پٹی کے عوام پر اسرائیل کی طرف سے مسلط کردہ پابندیوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مصری قیادت نے محصورین غزہ کو بیرون ملک سفری سہولت کے لیے رفح گذرگاہ کھلی رکھنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا ہے کہ قاہرہ مزید بھی انسانی بنیادوں پر غزہ کے عوام کی مدد جاری رکھے گا۔

خیال رہے کہ حال ہی میں اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے سیاسی شعبے کے ارکان پر مشتمل ایک وفد بھی مصر کےسرکاری دورے پر قاہرہ پہنچا تھا۔ حماس کا وفد جمعہ کے روز واپس چلا گیا۔ جماعت کے سیاسی شعبے رکن ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے کہا ہے کہ ان کا دورہ مصر انتہائی کامیاب رہا۔ مصر کے دورے کے دوران فلسطینی دھڑوں میں تعطل کا شکار مصالحتی عمل، غزہ کی پٹی میں انسانی بحران، مسئلہ فلسطین اور دیگر علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مختصر لنک:

کاپی