اسرائیلی فوج نے احتیاطی اقدام کے طور پر اتوار کے روز شامی سرحد پر اپنی عسکری کُمک بھیج دی جن میں ٹین اور توپ خانے شامل ہیں۔ یہ پیش رفت اسرائیل شام سرحد کے نزدیک بشار کی فوج اور شامی اپوزیشن کی فورسز کے درمیان شدید لڑائی کے بعد سامنے آئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے ٹوئیٹر پر جاری بیان میں بتایا کہ "اتوار کی صبح تعینات کی جانے والی فورسز شامی گولان کے پہاڑی علاقے میں پیش رفت کی روشنی میں تیاری کا حصّہ ہے”۔ بیان کے مطابق اسرائیل شام کی خانہ جنگی میں عدم مداخلت کی پالیسی پر عمل جاری رکھے گا۔
شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد کے مطابق منگل کے روز دمشق کے ہوائی اڈے کے نزدیک لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے ہتھیاروں کے گوداموں کو دو اسرائیلی میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا۔
ماضی میں بھی اسرائیلی فوج درجنوں بار شام میں حزب اللہ کے عسکری اہداف پر حملے کر چکی ہے۔
کئی بار یہ بم باری دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈّے کے نزدیک ٹھکانوں تک پھیل گئی۔ ان میں ایسے مختلف علاقے بھی شامل ہیں جہاں ایرانی موجود ہیں۔