آج جمعرات کو برطانوی شاہی خانوادے شہزادہ ولیم مسجد اقصیٰ کا دورہ کر رہے ہیں۔ ان کے اس دورے کے موقع پر قابض فوج نے القدس بالخصوص مسجد اقصیٰ کے اطراف کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے۔
مرکزاطلاعات کے مطابق جمعرات کو علی الصباح اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری مسجد اقصیٰ کے اطراف میں جمع ہوگئی تھی۔ برطانوی شہزادے کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی آڑ میں شہر کو چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مسلح دستے سڑکوں پر گشت کررہے ہیں جب کہ پولیس نے فلسطینی شہریوں کے گھروں کی چھتوں پر چڑھ کر پوزیشنیں سنھبال رکھی ہیں۔ نام نہاد امن وامان کے قیام کی آڑ میں پورے شہر کو مفلوج کردیا گیا ہے۔
ادھر جمعرات کو علی الصباح یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔ اس موقع پر اسرائیلی پولیس اور فوج نے یہودی آباد کاروں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کر رکھی تھی۔ یہودی آباد کار کئی گھنٹے تک مسجد اقصیٰ میں رہے۔