اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] نے کہا ہے کہ فلسطینی قوم بے سروسامانی اور عالمی مدد نہ ہونے کے باوجود آزادی کی جدو جہد جاری رکھے گی۔ فلسطین میں امریکا اور صہیونی ریاست کے کسی بھی نام نہاد امن منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ حق واپسی تحریک کے 13 ویں جمعہ کو دسیوں ہزار فلسطینیوں کا غزہ کی سرحد کی طرف مارچ فلسطینی قوم کی بیداری اور جدو جہد آزادی کے تسلسل کی زندہ علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم اپنے اہداف اور منزل کے حصول تک اپنی جدو جہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی ان کے علاقوں میں واپسی، پوے فلسطین کو پنجہ یہود سے نجات دلانے اور مقبوضہ بیت المقدس کو آزاد کرانے تک ہماری جدو جہد جاری ہرے گی۔
حازم قاسم کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں تحریک حق واپسی فلسطینی قوم کے حقوق کی بقاء کی جنگ ہے۔ یہ جنگ غزہ پر مسلط کردہ ناکہ کےخاتمہ کے لیے ہے جو منطقی انجام تک جاری ہے گی۔
حماس کے ترجمان نے کہا کہ فلسطینی قوم سخت غم وغصے میں ہے اور ہم امریکا اور صہیونی ریاست کے سازشوں منصوبوں کو اپنے پاؤں میں دفن کر دیں گے۔