قابض اسرائیلی فوج نے بدھ کو علی الصباح غزہ کی پٹی میں متعدد مقامات پر فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے مراکز پر بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنگی طیاروں کے ذریعے جنوبی غزہ میں رفح کے مقام پر زرعی اراضی پردو میزائل گرائے۔
اس موقع پر قریب ہی واقع ایک پولیس چیک پوسٹ کو نقصان پہنچا اور ایک پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوا ہے۔
قابض فوج نے مغربی غزہ میں البدر مرکز پر مسلسل دوسرے روز بھی میزائل حملے کیے۔
قابض فوج کی جانب سے خان یونس شہر کے مغرب میں واقع اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کے ایک مرکز پر 6 میزائل داغے جن کی زور دار آوازیں دور دور تک سنائی دی گئیں۔ بمباری کے نتیجے میں ایک شہری کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
ادھر قابض فوج نے شمالی غزہ میں بھی ایک مزاحمتی مرکز پر بمباری کرکے اسے مکمل طورپر تباہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک شہری زخمی بھی ہوا ہے۔
آج فجر کے وقت اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں القسام بریگیڈ کے ایک مرکز پر دو میزائل گرائے۔ اس سے چند منٹ قبل اسرائیل کے ایک ڈرون کی مدد سے بھی متعدد میزائل داغے گئے تھے۔
ادھر اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آج صبح کو غزہ کی پٹی میں 8 مقامات پر بمباری کی گئی۔ حماس کے تین عسکری مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔