اسرائیلی فوج کی اسپیشل کمانڈو یونٹ کے اہلکاروں نے نفحہ جیل میں قید فلسطینی شہریوں کو اس وقت زدو کوب کیا جب ایک فلسطینی قیدی کو عیدالفطر کیک تیار کرتے دکھایا گیا تھا۔
عبرانی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق ’نفحہ‘ نامی صحرائی جیل میں ایک فلسطینی قیدی کی تصویر سوشل میڈیا پر وائر ہوئی تھی جسے ’عید کیک‘ تیار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس تصویر کے منظرعام پرآنے کے بعد اسرائیلی کمانڈو یونٹ کے اہلکاروں نے جیل پر دھاوا بولا اور ’بدنظمی‘ پھیلانے کی آڑ میں قیدیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ جیل میں کیک تیار کرنے والے فلسطینی کو قید تنہائی میں ڈال دیا گیا ہے۔
ریڈیو رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج اور تفتیش کاروں نے جیل میں گھس کر قیدیوں کے کمروں کی تلاشی لی اور ان کے استعمال کا سامان اٹھا کر باہر پھینک دیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اس ہنگامہ آرائی میں جیل کا ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی بھی ہوا ہے۔