فلسطین سمیت کل جمعہ کے روز پوری مسلم دنیا میں’عالمی یوم القدس‘ کی مناسبت سے لاکھوں فراد نے ہزاروں مقامات پرفلسطینیوں کی حمایت میں جلوس نکالے اور ریلیاں منعقد کیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کل جمعہ کے روز عراق سمیت کئی عرب ممالک، ایران، پاکستان، انڈونیشیا، ملائیشیا اور دوسرے ممالک میں ’یوم القدس‘ کی مناسبت سے ریلیاں نکالیں۔ اس موقع پرمسلمان علماء اور آئمہ نے نماز جمعہ کے اجتماعات میں مظلوم فلسطینی قوم کے حقوق اور ان کے مسائل پر روشنی ڈالی۔ نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد لاکھوں فرزندان توحید نے فلسطینی قوم کی آزادی اور مظالم سے نجات کے لیے دعائیں کیں۔
خیال رہے کہ ماہ صیام کے آخری جمعہ ’جمعۃ الوداع‘ کے اور عالمی یوم القدس کے طورپر منانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد دنیا بھر میں پھیلے مسلمان ہرسال رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو عالمی یوم القدس مناتے ہیں۔
مسلمان ممالک میں نکالے جانے والے جلوسوں اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے مظاہروں کے دوران مقررین نے صہیونی ریاست اور امریکی پالیسیوں کی بھی شدید مذمت کی۔ اس موقع پرمسلمان مقررین نے دفاع القدس کے لیے موثر حکمت عملی وضع کرنے، عرب لیگ، اوآئی سی اور دیگر عالمی تنظیموں کی فلسطین کے بارے میں مںظور کردہ قراردادوں پر ان کی روح کے مطابق عمل درآمد پر زور دیا۔