کویت کی ایک خاتون وزیر نے امید ظاہر کی ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس جلد آزاد ہوگا اور آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنے گا جس کے بعد عرب ایکشن کمیٹی کا اجلاس القدس ہی میں منعقد کیا جائے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کویت کی خاتون وزیر برائے محنت و سماجی بہبود ھند الصبیح نے کہا ہے کہ انہیں قوی امید ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس جلد آزاد ہوگا۔ القدس کی آزادی کے بعد عرب ایکشن کمیٹی کا جلاس مقدس شہر میں منعقد کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ عرب ایکشن آرگنائزیشن عرب لیگ کی ایک ذیلی تنظیم ہے جو عرب ممالک میں فلسطینیوں سے یکجہتی کےلیے کام کرتی ہے۔
ھند الصبیح کا یہ بیان کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی’کونا‘ نے نقل کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ القدس کی آزادی کے حوالے سے مایوس نہیں بلکہ پرامید ہیں۔ اگرچہ موجودہ حالات میں القدس کی آزادی کافی مشکل دکھائی دیتی ہے مگرعن قریب القدس نہ صرف آزاد ہوگا بلکہ آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل دنیا کا واحد ملک ہے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کو باربار پامال کررہا ہے۔ انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا مرتکب ہو رہا ہے اور فلسطینی قوم کے اجتماعی حقوق غصب کیے ہوئے ہے۔