فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے قریبی علاقوں میں یہودی کالونیوں اور فوجی کیمپوں پر راکٹ حملے کیے ہیں جس کے نیتجے میں تین فوجیوں سمیت کم سے کم یہودی آباد کار زخمی ہوگئے۔
اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 10 کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی سے داغا گیا ایک ھاون راکٹ جنوبی غزہ میں اشکول کے مقام پرآبادی میں گرا جس کے نتیجے میں تین یہودی آباد کار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت خطرے میں بیان کی کی جاتی ہے۔
عبرانی اخبار ’معاریو‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ گذشتہ روز ھاون راکٹ حملے کے نتیجے میں تین اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے دوکی حالت خطرے میں بتائی جاتی ہے۔
عبرانی اخبار’یدیعوت احرونوت‘ کی ویب سائیٹ کے مطابق غزہ کے اندر سے داغے گئے متعدد راکٹ عسقلان، ساحلی علاقوں، لخیش، شمالی مشرقی گزہ اور دیگر مقامات پر گرے جس کے نتیجے میں متعدد مکانات کو نقصان پہنچا۔
عبرانی اخبار کے مطابق غزہ سے داغے گئے کئی راکٹ اسرائیل کے آئرن ڈوم سسٹم نے سدیروت کے مقام پر تباہ کردیے جب کہ متعدد راکٹ شہر میں ایک اسکول کے قریب بھی گرے ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے کل منگل اور رات گئے غزہ کی پٹی پر کئی مقامات پر وحشیانہ بمباری کی۔ قابض فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے غزہ میں 35 اہداف پر میزائل حملے کیے ہیں۔