اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] نے اسرائیلی عقوبت خانے میں وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں فلسطینی شہری کی شہادت کو صہیونی ریاست کے ہاتھوں دانستہ قتل قرار دیتے ہوئے اسیر فلسطینی عزیز عویاست کی شہادت کی ذمہ داری صہیونی ریاست پر عاید کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قسم نے ایک بیان میں کہا کہ عزیز عویسات کی شہادت صہیونی مجرموں کے جرائم میں سے ایک سنگین جرم ہے۔
ترجمان نے کہا کہ صہیونی ریاست فلسطینی اسیران کو اذیتیں دے کر تحریک آزادی اور مزاحمت کی روح کچلنا چاہتی ہے مگر صہیونی دشمن فلسطینیوں ک شہید تو کرسکتا ہے مگر فلسطینی قوم کے جذبہ آزادی کو دبانے کے کسی مجرمانہ حربے میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی زندانوں میں قید فلسطینی بھائیوں کی رہائی حماس کی اولین ترجیح ہے اور جماعت صہیونی قید خانوں سے انہیں آزادی دلانے کے لیے ہرسطح پر کوششیں جاری رکھے گی۔
حماس نے اسرائیلی جلادوں کے وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینی عزیز عویسات کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے اور کہا ہےکہ عویسات کو جیل میں تشدد کے بعد اسپتال میں کسی قسم کی طبی سہولت مہیا نہیں کی گئی جو اس کی شہادت کا موجب بنی۔