جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی فوج کی مشرقی غزہ میں مظاہرین پر فائرنگ،60 فلسطینی زخمی

ہفتہ 19-مئی-2018

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی طرف سے نہتے فلسطینی مظاہرین پر فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعہ کے روز قابض اسرائیلی فوج نے مشرقی غزہ میں سرحد پر مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ براہ راست فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کم سے کم 60 فلسطینی شہری زخمی ہو گئے۔

غزہ میں وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 56 فلسطینی مظاہرین زخمی ہوئے جب کہ متعدد شہری آنسوگیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔

ادھر ہلال احمر فلسطین کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی مشرقی سرحد پر جمع ہونے والے فلسطینی مظاہرین پر آنسوگیس کی شیلنگ اور فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 58 شہری زخمی ہوئے۔

طبی امدادی ادارے کے مطابق قابض فوج کی طرف سے آنسوگیس کی شیلنگ سے 31 شہری زخمی ہوئے جب کہ 25 لاٹھی چارج سے زخمی ہوئے۔ ان میں 14 شمالی غزہ، 22 وسطی اور 14خان یونس میں زخمی  ہوئے۔

زخمی ہونے والوں میں دو صحافی بھی شامل ہیں۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے صحافی بسام مسعود کے سر میں گولی لگی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔

خیال رہے کہ 14 مئی کو فلسطین میں یوم نکبہ کے مو قع پر اسرائیلی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 فلسطینی شہریوں کو شہید اور 3 ہزار سے زاید کو زخمی کر دیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی