اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے اپنے وفد کے ہمراہ عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کی قیادت سے ملاقات کی۔
عوامی محاذ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق دونوں فلسطینی جماعتوں کی قیادت نے ملاقات کے دوران فلسطینی عوام کو درپیش مصائب خصوصا قضیہ فلسطین کو ختم کرنے کے درپے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے پر گفتگو کی۔
اس ملاقات میں حماس اور عوامی محاذ کی قیادت نے 30 اپریل کو رام اللہ میں فلسطین نیشنل کونسل کے اجلاس بلائے جانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے ماضی میں دستخط شدہ معاہدوں کے تحت تنظیم آزادی فلسطین کی تنظیم نو پر بھی اتفاق کیا۔
دونوں فلسطینی جماعتوں نے تمام فلسطینی دھڑوں پر مشتمل فلسطین نیشنل کونسل کا جلد ازجلد اجلاس بلانے کی ضرورت پر زور دیا۔
مشترکہ اعلامیہ میں دونوں جماعتوں نے فلسطینی عوام کی جانب سے غزہ میں واپسی مارچ کے موقع پر دی جانے والی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جماعتوں نے تمام فلسطینی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک متفقہ اور موثر قومی حکمت عملی کو اپنا کر غزہ پر مسلط دس سالہ محاصرے کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔