قابض صہیونی شرپسندوں نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں الحسبہ کے مقام پر ایک فلسطینی بازارکو رات کے وقت آگ لگا دی جس کے نتیجے میں کم سے کم 20 دکانیں مکمل جل کر خاکستر ہوگئیں جب کہ درجنوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سوموار اور منگل کی درمیانی شب نامعلوم شرپسندوں نے وسطی جنین میں الحسبہ کے مقام پر واقع فلسطینی بازار کو آتش گیر مادہ چھڑک کر آگ لگائی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے درجنوں دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ نذرآتش ہونے والی دکانوں میں ملبوسات، موبائل فون اور الیکٹرک کے سامان کی دکانیں شامل ہیں۔ دکانیں نذرآتش ہونے سے مقامی فلسطینی دکانوں کو کروڑوں شیکل مالیت کا نقصان پہنچا ہے۔
آگ لگائے جانے کے بعد فلسطینی شہری دفاع اور فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا مگر تب تک بازار کا ایک بڑا حصہ جل کر خاکستر ہوچکا تھا۔