امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خلیجی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ شام میں اپنی فوجیں تعینات کرنے کے ساتھ شام میں دہشت گردوں کو شکست دینے کے لیے رقوم بھی مہیا کریں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں کے ہمراہ واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر امریکا کا تعاون نہ ہوتا تو خلیجی ممالک دولت مند نہ ہوتے۔ خطے میں ہونے والے جنگی اخراجات تنہا امریکا نہیں برداشت کرسکتا۔ ہم نے مشرق وسطیٰ میں سات کھرب ڈالر پھونکے مگرہمیں اس کا کوئی فایدہ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک بالخصوص خطے کے امیر ممالک کو چاہیے کہ وہ شام میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں مالی تعاون کریں۔ اس کےساتھ ساتھ خلیجی ملکوں کو شام میں اپنی افواج تعینات کرنی چاہئیں۔
ایران کے جوہری پروگرام پر طے پائے معاہدے کے بارے میں بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ ایک غلطی تھی اور ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران جوہری معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہا ہے۔