اسرائیل کے عبرانی ریڈیو ’Kan‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف فوٹیل نے اسرائیل کا خفیہ دورہ کیا اور اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔
عبرانی ریڈیو کےمطابق امریکی جنرل منگل کو اسرائیل پہنچے جہاں انہوں نے اسرائیلی فوجی حکام سے ملاقات کی۔
امریکی فوج کے سینیر عہدیدار کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب حال ہی میں امریکی صدر نے شام سے اپنی فوجیں واپس بلانے کا اعلان کیا تھا۔
ریڈیو کے مطابق جنرل فوٹیل نے اسرائیلی آرمی چیف جنرل گیڈی آئزن کوٹ، قومی سلامتی کے مشیر مائیربن شبات اور دیگر حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
رپورٹ کے مطابق ملاقات میں اسرائیلی حکام نے شام سے امریکی فوج کے انخلاء کے فیصلے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اسرائیلی عسکری لیڈر شپ نے کہا کہ شام سے امریکی فوج کے انخلاء سے ایران کو اپنی سرگرمیوں میں اضافے کا موقع ملے گا۔
اسرائیلی ذرائع کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ کا اپنی نوعیت کا یہ پہلا دورہ اسرائیل ہے۔