ملائیشیا کی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے 21 اپریل کو دارالحکومت کولالمپور میں فلسطینی سائنسدان ڈاکٹر فادی البطش کے قتل میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل تلاش کرلی ہے۔
ملائیشیا کے پولیس چیف کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل کولالمپور کے علاقے سیٹا پاک میں ڈاؤنا نیاگا تجارتی مرکز کے عقب سے سے ملی۔ خیال ہے کہ حملہ آور موٹرسائیکل وہاں چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے۔
انسپکٹر جنرل پولیس تان سری محمد فوزی ھارون نے کہا کہ پولیس کو فلسطینی سائنسدان ڈاکٹر البطش کے قتل میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل مل گئی ہے تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیل نہیں بتائی۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے حملے میں استعمال موٹرسائیکل قبضے میں لے لی ہے تاہم اس حوالے سے مزید ان کے پاس بتانے کو کچھ نہیں۔
مقامی ذرائع نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ موٹرسائیکل ایک ویران جگہ سے ملی ہے۔ پولیس نے ڈی این اے کے لیے پورے علاقے کو سیل کردیا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی موٹرسائیکل کی چھان بین کی ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا وہ جانتے ہیں کہ ملزمان ملک کے اندر ہیں جا جا چکے ہیں توان کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتے۔
انسپکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ ہمارے پاس ملزمان کا ڈیٹا نہیں جو کچھ ہے وہ صرف فوٹو کاپی کی شکل میں ہے۔ ہم نے ان کے بارے میں تمام بیرونی راستوں پر معلومات مہیا کردی ہیں۔ تاہم یہ ممکن ہے کہ وہ کسی غیرقانونی راستے سے ملک سے فرار ہوسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ فلسطینی نوجوان سائنسدان ڈاکٹر فادی البطش کو 21 اپریل ہفتہ کو علی الصباح کولالمپور میں نامعلوم مسلح افراد نے گولیاں مارکر شہید کردیا تھا۔ وہ نماز فجر کے لیے اپنے گھر سے مسجد جا رہے تھے۔ ان کے اہل خانہ اور اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے اس مجرمانہ واقعے پر صہیونی ریاست اور اس کے خفیہ ادارے ’موساد‘ کو قصور وار قرار دیا ہے۔