ذرائع ابلاغ میں آنے والی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے نیشنل کونسل کے اجلاس میں سابق فلسطینی رہ نما یاسرعرفات کی بیوہ سہا عرفات کو شریک نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ’فلسطین نیشنل کونسل‘ مہم کے ایک ذریعے نے انکشاف کیا کہ صدر عباس نے کہا ہے کہ وہ اپریل کے آخر میں رام اللہ میں ہونے والے نیشنل کونسل کے اجلاس میں سہا عرفات کو شرکت کی دعوت نہیں دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض ذمہ دار فلسطینی رہ نماؤں نے صدر محمود عباس کو تجویز دی تھی کہ وہ سہا عرفات کو نیشنل کونسل کے اجلاس میں مدعو کریں۔ فلسطین نیشنل کونسل کے چیئرمین سلیم الزعنون کو بھی یہ تجویز دی گئی تھی تاہم انہوں نے صدر عباس سے مشاورت کی تو صدر عباس نے اس تجویز مو مسترد کردیا تھا۔
خیال رہے کہ یاسرعرفات کی وفات کےبعد نیشنل کونسل کا یہ پہلا اجلاس ہے۔ اس اجلاس میں ان تمام نمائندہ فلسطینی رہ نماؤں کو نظرانداز کیا گیا ہے جو ماضی میں یاسرعرفات مرحوم کے قریب رہ چکے ہیں۔
اجلاس میں صدر محمود عباس نے اپنے من پسند لوگوں کو مدعو کیا ہے۔ فلسطین کی کئی بڑی جماعتوں جن میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘، اسلامی جہاد، عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین اور دیگر شامل ہیں نے نیشنل کونسل کے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا ہے۔