فلسطین کی ایک سرکردہ سیاسی جماعت عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں تحریک فتح کے رہ نماؤں سے ملاقات کے بعد فلسطین نیشنل کونسل کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق عوامی محاذ کی قیادت نے حال ہی میں قاہرہ میں تحریک فتح کے رہ نماؤں سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد جماعت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عوامی محاذ رام اللہ میں ہونے والے فلسطین نیشنل کونسل کے اجلاس میں شرکت نہیں کرے گی۔
عوامی محاذ کے مرکزی رہ نما ذوالفقار سویر جو نے کہا کہ نیشنل کونسل کے اجلاس میں شرکت کےحوالے سے ان کی جماعت کا موقف اصولی اور دو ٹوک ہے۔ انہوں نے تحریک فتح کی قیادت کو بتا دیا ہے کہ عوامی محاذ رام اللہ میں منعقد ہونے والے نیشنل کونسل کے اجلاس میں شرکت نہیں کرے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’فیس بک‘ پر پوسٹ ایک بیان میں سویر جو نے کہا کہ نیشنل کونسل میں عدم شرکت کا فیصلہ اس لیے کیا گیا کیونکہ اس اجلاس میں تمام فلسطینی دھڑوں کو شرکت کا موقع نہیں دیا جا رہا ہے۔ نیشنل کونسل ایک قومی تنظیم ہے جس میں تمام قومی دھاروں کی شرکت ضروری ہے۔ مخصوص لابی کی جانب سے نیشنل کونسل کے اجلاس کا انعقاد متنازع ہے اور ہم اسے تسلیم نہیں کریں گے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے نو سال کے بعد فلسطین نیشنل کونسل کا اجلاس رام اللہ میں بلانے کا اعلان کیا ہے۔ فلسطین کی بیشتر مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے رام اللہ میں نیشنل کونسل کے اجلاس کے انعقاد کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ صدر عباس اور تحریک فتح یک طرفہ فیصلوں کے بجائے قوم کے نمائندہ تمام طبقات کو اعتماد میں لے کر فیصلے کریں۔