چهارشنبه 30/آوریل/2025

یورپی پارلیمنٹ کا غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ

جمعہ 20-اپریل-2018

یورپی یونین کی پارلیمنٹ نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر گیارہ سال سے مسلط معاشی ناکہ بندی فوری اور غیر مشروط طورپر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یورپی پارلیمان نے غزہ کی پٹی میں حق واپسی کے لیے احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینی مظاہرین کے قتل عام کا سلسلہ بند کرانے اور قتل کے واقعات کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق برسلز میں ہونے والےیورپی پارلیمنت کے اجلاس میں فلسطین کی مشرقی سرحد پر احتجاجی مظاہرے کرنے والے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے استعمال کی شدیدالفاظ میں مذمت کی گئی۔

اجلاس کے بعد جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین غزہ کی مسلسل ناکہ بندی کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ غزہ کی پٹی کے عوام پر مسلط کردہ پابندیاں فوری اور غیر مشروط طور ختم کی جائیں۔

اس موقع پر ایک قرارداد پیش کی گئی جس میں غزہ کی پٹی میں حق واپسی کے لیے احتجاج کرنے والے فلسطینیوں کے قتل عام کی تحقیقات کرانے اور قتل عام کا سلسلہ بند کرانے پر زور دیا گیا۔ قرارداد کی حمایت میں 524 ارکان نے رائے دی جب کہ صرف 30 ارکان نے اس کی مخالفت کی۔

یورپی پارلیمان نے فلسطین کے مختلف شہروں میں اسرائیلی فوج کی انتقامی کارروائیوں ، فلسطینی شہروں میں یہودی آباد کاری اور بستیوں کی تعمیر کی بھی شدید مذمت کی اور یہودی بستیوں کو امن مساعی کی راہ میں رکاوٹ قرار دیا۔

مختصر لنک:

کاپی