چین کی پولیس نے ایک 41 سالہ طیارہ ہائی جیکر کو حراست میں لیا ہے۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے ایک ہوائی جہاز کو قلم کے ذریعے اغواء کرنے کی کوشش جس پر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔
فرانسیسی اخبار ’فرانس سواتر‘ نے اس دلچسپ اور حیران کن خبر کا احوال بیان کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ اتوار کو ایک چینی مسافر نے چینی فضائی کمپنی ’ایئرچائنا‘ کے ہوائی جہاز کے عملے کو سیاہی والا قلم دکھا کر ڈرایا اور طیارے کا راستہ تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق طیارے کی منزل بیجنگ تھی مگر ہائی جیکنگ کی کوشش کے باعث طیارے کو ھنان صوبے کے جنگشو ہوائی اڈے پر اتارنا پڑا۔
طیارے کی ہنگامی لینڈنگ عملہ اور تمام مسافر محفوظ رہے تاہم وہ اپنی منزل پر بروقت نہ پہنچ سکے۔
ایک چینی ویب سائیٹ کے مطابق طیارے کو رات کے وقت اغواء کیا گیا۔ تمام مسافر سو رہے تھے۔ اچانک ایک خاتون نے زور دار چیخ ماری، کسی کو پتا نہیں تھا کہ کیا ہوا ہے۔
طیارے میں پیش آنے والے اس واقعے پر تمام مسافر پریشان ہوئے تاہم پولیس واقعے سے بہ حفاظت نمٹنے میں کامیاب رہی اور قلم کے ذریعے طیارہ اغواء کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔